نئی دہلی، یکم جون؍(آئی این ایس انڈیا)نیشنل گرین ٹریبونل(این جی ٹی)نے ایک ماحولیاتی کارکن کی درخواست پر مرکز سے جواب مانگا ہے، جس میں اس نے الزام لگایا ہے کہ آگرہ میں بڑے پیمانے پر میونسپل ٹھوس فضلہ کو جلائے جانے سے تاج محل کا رنگ زرد پڑ رہا ہے۔سبز ٹریبونل نے شہر ی اتھارٹیوں کو آگرہ اور ماحول حساس تاج کے متوازی علاقے کے قریب کھلے میں میونسپل ٹھوس فضلہ کو نہیں جلانے کی ہدایت دی ہے۔این جی ٹی چیف جسٹس سوتنتر کمار کی صدارت والی بنچ نے ماحولیات و جنگلات کی وزارت، شہری ترقی کی وزارت، اتر پردیش حکومت، مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے دو ہفتے کے اندراندرجواب داخل کرنے کو کہا ہے۔یہ حکم آگرہ کے رہنے والے ماحولیاتی کارکن ڈی کے جوشی کی اس پٹیشن پرآیاہے،جس میں انہوں نے آئی آئی ٹی کانپور، جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور وسکونسن یونیورسٹی کے مشترکہ مطالعہ کاحوالہ دیا ہے۔اس مطالعہ کے مطابق دھول کے ساتھ بھوری اور سیاہ کاربن کی وجہ سے17ویں صدی کا سفید سنگ مرمر کی یہ بے مثال یادگار زرد پڑ رہا ہے۔